بٹ کوائن

کئی ممالک بٹ کوائن کو اختیار کئے ہوئے ہیں اور ایسی صورت میں جبکہ غیرقانونی طور پر پاکستان میں بٹ کوائن میں سرمایہ کاری کی جاتی ہے تو تیزی سے مقبول ہوتی کرپٹو کرنسی کو پاکستان مدعو کرنا دنیا کو تبدیل کرنے والی ٹیکنالوجی کو پاکستان میں مدعو کرنے کے مترادف ہوگا۔ بٹ کوائن کو پاکستان مدعو کرنا پاکستان میں جدت طرازی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ اس شاندار ٹیکنالوجی کو اپنانے سے معاشی ترقی کے نئے مواقع ملیں گے اور معاشی ترقی کا فروغ بھی ہو گا، پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل معیشت میں ترقی پسند ملک کے طور پر دیکھا جائے گا۔ بٹ کوائن سے فائدہ اٹھا کر پاکستان ٹیکنالوجی سے واقف سرمایہ کاری کو راغب کر سکتا ہے، روزگار کے مواقع پیدا کر سکتا ہے اور زیادہ جامع مستقبل کے لئے اپنے مالیاتی انفراسٹرکچر کو جدید بنا سکتا ہے۔بٹ کوائن انتہائی نایاب اثاثہ ہے۔ بٹ کوائن کی فراہمی محدود ہے۔ بٹ کوائن ڈیجیٹل سونا ہے۔بٹ کوائن کی سرحد نہیں۔ بٹ کوائن غیر مرکزی ہے۔ بٹ کوائن عالمی کرنسی ہے۔ بٹ کوائن پیئر ٹو پیئر ہے۔ بٹ کوائن اوپن سورس ہے۔ بٹ کوائن فرضی نام ہے۔ بٹ کوائن ناقابل تغیر ہے۔ بٹ کوائن شفاف ہے۔ بٹ کوائن سرمائے کے تبادلے کا ذریعہ ہے۔ بٹ کوائن اکاؤنٹ کی اکائی ہے۔ بٹ کوائن سنسرشپ کے خلاف مزاحمت ہے۔ بٹ کوائن افراط زر کے خلاف مزاحمت رکھتا ہے۔ بٹ کوائن قابل اعتماد پیسہ ہے۔ بٹ کوائن کمیونٹی پر مبنی ہے۔ بٹ کوائن جدت کا محرک ہے۔ بٹ کوائن روایتی مالیات کے لئے چیلنج ہے۔ بٹ کوائن سماجی تبدیلی سے متعلق بھی خصوصیات رکھتا ہے۔بٹ کوائن رکھنے والے خودمختار اداروں میں ریاست ہائے متحدہ امریکہ، چین، برطانیہ، یوکرائن، بھوٹان، ایل سلواڈور، وینزویلا، فن لینڈ، جارجیا، بلغاریہ اور جرمنی شامل ہیں۔ بٹ کوائن ایکٹ 2024ء (ایس 4912)، کو اسٹریٹجک نیشنل ریزرو کے طور پر رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، یہ بل امریکی کانگریس میں زیر التوا ہے۔ برازیل کے بین الاقوامی ذخائر کا پانچ فیصد بٹ کوائن کے لئے مختص کرنے کے لئے اسی طرح کا ایک بل آر ای ایس بٹ برازیل کی کانگریس میں بھی زیر التوا ہے۔ ایل سلواڈور نے بٹ کوائن کو قانونی کرنسی کے طور پر اپنایا ہے۔ تھائی لینڈ، فلپائن، پیراگوئے، پاناما، جنوبی کوریا، بھارت، نائجیریا، گھانا، کینیا، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، کینیڈا، جرمنی، برطانیہ، سنگاپور، ہانگ کانگ، جاپان، مراکش، تیونس، متحدہ عرب امارات، قطر، فرانس اور سوئٹزرلینڈ اپنے مالیاتی نظام میں کرپٹو کرنسیوں کو ضم کرنے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اسٹیٹ آف وسکونسن انویسٹمنٹ بورڈ (ایس ڈبلیو آئی بی) نے بٹ کوائن میں 156 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ فلوریڈا اسٹیٹ بورڈ آف ایڈمنسٹریشن (ایس بی اے) بھی اسی طرح کی سرمایہ کاری کی تلاش کر رہا ہے۔ مزید برآں، کیلیفورنیا اسٹیٹ ٹیچرز ریٹائرمنٹ سسٹم (کیل ایس ٹی آر ایس)، کولوراڈو پبلک ایمپلائز ریٹائرمنٹ ایسوسی ایشن (پی ای آر اے) اور ٹیکساس، وائیومنگ اور نیو یارک کے متعدد شہر اور کاؤنٹیاں کرپٹو کرنسی سرمایہ کاری میں اسی طرح کے اقدامات کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ مائیکرو اسٹریٹیجی، میراتھن ڈیجیٹل ہولڈنگز، ٹیسلا، کوائن بیس گلوبل، بلاک، انکارپوریٹڈ، گلیکسی ڈیجیٹل، ٹیزوس فاؤنڈیشن، آئی شیئرز بٹ کوائن ٹرسٹ، گرے اسکیل، فیڈلٹی اور کئی دیگر بڑی کارپوریشنز مشترکہ طور پر تقریبا ایک کھرب ڈالر مالیت کے بٹ کوائن ہولڈنگز کی مالک ہیں۔پاکستان کے لئے‘ بٹ کوائن افراط زر کے خلاف کام کرنے کی صلاحیت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو روایتی کرنسیوں سے منسلک نہیں ہوگا۔پاکستان کے لئے بٹ کوائن روایتی اثاثوں پر انحصار کم کرتے ہوئے انتہائی ضروری تنوع لا سکتا ہے۔ اس ڈیجیٹل کرنسی کو اپنا کر پاکستان تکنیکی ترقی کو فروغ دے سکتا ہے، بلاک چین جدت طرازی اور ڈیجیٹل معیشت کے دروازے کھول سکتا ہے۔ پاکستان کے لئے بٹ کوائن بینکنگ سے محروم آبادی کو محفوظ اور مؤثر مالیاتی نظام تک رسائی فراہم کرکے مالی شمولیت کو فروغ دے سکتا ہے۔ اس میں نئی صنعتوں، روزگار کے مواقع اور سرمایہ کاری کے ذریعے معاشی ترقی کو فروغ دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ آخر میں، بٹ کوائن ایک اعلی قیمت کے ریزرو اثاثے کے طور پر پاکستان کے قرضوں کے چیلنجوں سے نمٹنے میں کردار ادا کرسکتا ہے، ممکنہ طور پر ملک کے مالی استحکام اور اس کے ذریعے عالمی مالیاتی حیثیت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ یقینی طور پر، بٹ کوائن مرکزی دھارے کی کرنسی ہے، جو ایک خاص تجربے سے عالمی سطح پر تسلیم شدہ اثاثہ کلاس اور ٹیکنالوجی میں تبدیل ہوگیا ہے۔ پاکستان اس تبدیلی لانے والی مالیاتی جدت اپنانے میں پیچھے نہیں رہ سکتا کیونکہ ایسا کرنے سے اہم معاشی اور تکنیکی مواقع سے محروم ہونے کا خطرہ ہے۔ (بشکریہ دی نیوز۔ تحریر ڈاکٹر فرخ سلیم۔ ترجمہ اَبواَلحسن اِمام)