129

دبئی ٹیسٹ کا پہلا روز پاکستانی بلے بازوں کے نام

دبئی: پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں پراعتماد بیٹنگ جاری ہے اور قومی ٹیم کے اوپنرز نے شاندار 205 رنز کی شراکت قائم کی۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو محمد حفیظ اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے ابتدا سے ہی پراعتماد انداز سے کھیل پیش کیا اور کھانے کے وقفے تک 89 رنز جوڑے، وقفے کے بعد بیٹںگ دوبارہ شروع ہوئی تو محمد حفیظ نے 170 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ 

قومی ٹیم کا مجموعی اسکور 205 تک پہنچا تو امام الحق 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد محمد حفیظ بھی 126 رنز بنا کر ایل بھی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، انہیں پیٹر سڈل نے پویلین کی راہ دکھائی۔ دو سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے والے محمد حفیظ نے 15 چوکوں کی مدد سے 208 گیندوں پر 126 رنز بنائے۔

قومی ٹیم میں بلال آصف کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے جب کہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ، مارنوس لابوسشان اور ٹریوس ہیڈ اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم محمد حفیظ، امام الحق، اظہر علی، اسد شفیق، حارث سہیل، بابراعظم، کپتان سرفراز احمد، یاسر شاہ، بلال آصف، وہاب ریاض اور محمد عباس پر مشتمل ہے۔

آسٹریلوی ٹیم کی قیادت ٹم پین کررہے ہیں جب کہ ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں، عثمان خواجہ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبسچگنی، مچل اسٹارک، پیٹر سڈل، جون ہولاند اور نیتھن لیون ہیں۔