592

حکومت کا آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا اعلان

اسلام آباد: حکومت نے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کی وزیر اعظم نے منظوری دے دی ہے۔ وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کے پاس جانے کا اعلان کیا ہے اور اس ضمن میں وزیر اعظم عمران خان نے منظوری بھی دے دی ہے۔

وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک جس طرح کے معاشی حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، معاشی بحالی آسان نہیں ایک مشکل چیلنج  ہے، ملک کے تمام عوام کو اس بات کا ادراک ہے کہ گزشتہ حکومت کیسے معاشی حالات چھوڑ کرگئی تھی، جیسے ہی ہم نے ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو ترجیحی بنیاد پر فیصلہ کیا کہ ہمیں اس بحران سے نکلنے کے لیے بہترین راستہ اختیار کرنا ہے اورایک سے زائد متبادل ذرائع تلاش کرنے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے اسی سلسلے میں کام جاری تھا، پاکستان کے بہترین ماہرین معاشیات سمیت دوست ممالک سے بھی مشاورت کی گئی اور اب ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ہمیں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے اور ایسا پروگرام ترتیب دیں کہ ملک کو معاشی بحرانوں سے نکال سکیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے فوری مذاکرات کی منظوری دے دی ہے، مستقل بنیادوں پر معیشت میں بہتری لاکر ملک کو پاؤں پر کھڑا کرنا اور روزگار کی فراہمی معاشی ترجیحات میں شامل ہیں، بحالی کا ایسا پروگرام چاہتے ہیں جس سے کمزور طبقے پر کم اثر پڑے۔