459

معدنیات میں سرمایہ کاری یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی طے 

پشاور۔صوبہ بھر میں شعبہ معدنیات میں اربوں کی سرمایہ کاری یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی طے کرلی گئی ہے جس کے تحت سب سے پہلے محکمہ سے کرپشن ،اقرباپروری اور غیر قانونی مائننگ کاخاتمہ کیاجائے گا اس سلسلہ میں صوبائی وزیر معدنیات ازخود بھی سرگرم ہوگئے ہیں اور اب وہ عوامی شکایات براہ راست خود بھی سنیں گے ۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل محکمہ معدنیات میں شکایات سیل قائم کیاگیاتھا جہاں شکایت درج کرانے کے لیے فون نمبر 091-9210534پر رابطہ کیاجاسکتاہے تاہم اب وزیر معدنیات نے اپنے ذاتی موبائل نمبر کے ذریعہ بھی شکایات وصول کرنے کا فیصلہ کیاہے تاکہ نہ صرف محکمہ میں موجودکالی بھیڑوں کاصفایاکیاجاسکے بلکہ صوبہ میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری بھی یقینی بنائی جاسکے اس مقصد کے لیے شکایات کنندگان صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی کے موبائل نمبر 0345-9545555پر بھی اپنی شکایات کااندراج کرسکتے ہیں۔

اس سلسلہ میں صوبائی وزیر کاکہناہے کہ کسی کوبھی صوبہ اورقبائلی اضلاع کی قیمتی معدنی دولت ہڑپ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی غیرقانونی مائننگ کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے عوام کے تعاون سے کرپٹ اہلکاروں کابھی محاسبہ کیاجائے گا