لاہور کے علاقے جی پی او چوک میں پولیس اور وکلا کے درمیان تصادم کا مقدمہ تھانہ پرانی انارکلی درج کرلیا گیا۔
پولیس کی مدعیت میں درج مقدمے میں روڈ بلاک، تشدد ، کارسرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق وکلا کی بڑی تعداد پولیس پر حملہ آور ہوئی، وکلا کے حملے میں ایس ایچ او نیو انارکلی، ایس ایچ اواچھرہ سمیت 5 اہلکار زخمی ہوئے۔
یاد رہے کہ 8 مئی کی دوپہر ایک بجے کے قریب عدالتوں کی منتقلی اور وکلا پر دہشتگری کے مقدمات کیخلاف لاہور ہائی کورٹ کے باہر لاہور بار ایسوسی ایشن نے ریلی نکالی تھی،مطالبات کی منظوری کے لیے وکلا نے لاہور ہائی کورٹ کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم شروع ہوگیا۔
دوسری جانب پاکستان بار کونسل نے آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے، خیبرپختونخوا بھر کے وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہورہے۔ وکلا کا کہنا ہے کہ لاہور میں پیش آنے والے واقعے پر آج ہم نے بھی عدالتی بائیکاٹ کیا ہوا ہے، جوائنٹ سیکرٹری ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اعجاز علی شاہ نے کہا کہ وکلا پر پولیس تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔