مریم نواز پاکستان میں ایک برانڈ بن چکی ہیں، عظمیٰ بخاری

صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز پاکستان میں ایک برانڈ بن چکی ہیں، پنجاب میں جو پروجیکٹ لانچ ہوتا ہے، باقی صوبے اسے فالو کرنا شروع ہو جاتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو فالو کر کے خیبر پختونخوا اور سندھ میں بھی روٹی سستی کی گئی ،ان کے پاس نواز شریف کی لیڈرشپ اور ان کا وسیع حکومتی تجربہ ہے، وہ پنجاب میں جو منصوبہ لا نچ کرتی ہیں، باقی صوبےاسے فالو کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس صوبے کے پاس تنخوا ہ دینے کے پیسے نہیں ہیں کیا وہ اب ہمیں مشورے دیں گے؟ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا صحت کارڈ ”فراڈ کارڈ” تھا ، اس “فراڈ کارڈ” میں کرپشن کی عجیب و غریب کہانیاں دیکھنے کو ملی ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا ہماری حکومت کی بنیادی ترجیح عوام کی مشکلات دور کرنا اور ان کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے،  پنجاب حکومت صحت کارڈ کو مزید بہتر کرنے جا رہی ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ بیرسٹر سیف اپنی قابلیت اور مہارت پنجاب کے بجائے خیبر پختونخوا میں دکھائیں اور اپنے وزیراعلیٰ کو شعور بھی دیں۔