’ایوریجز کا سوچو گے تو ایوریج پلیئر بن جاؤ گے‘ محمد رضوان نے اپنی ’سادہ‘ فلاسفی بیان کردی۔
آئرلینڈ سے دوسرے ٹی 20 میں محمد رضوان نے فخرزمان کے ساتھ مل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، جہاں فخر نے برق رفتار 78 رنز بنائے وہیں رضوان نے 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو منزل پر پہنچایا، اسی وجہ سے انھیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
محمد رضوان ویراٹ کوہلی کے بعد ٹی 20 انٹرنیشنل میں فل ممبر ممالک کی جانب سے ففٹی پلس کی اوسط رکھنے والے دوسرے کرکٹر بھی بن گئے۔
مقابلے کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران اپنی 50 پلس اوسط سے متعلق سوال پر رضوان نے کہا کہ میری اس بارے میں فلاسفی بہت ہی سادہ سی ہے، اگر آپ ایوریج کی جانب دیکھیں گے تو پھر ایک ایوریج پلیئر ہی بن کر رہ جائیں گے، اگر آپ کنڈیشنز اور میچ صورتحال کے تحت کھیلیں تو یہ چیز آپ کو بہترین کھلاڑی بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
کوہلی سے متعلق سوال پر رضوان نے کہا کہ ہم نے بھارتی بیٹر سے بہت کچھ سیکھا اور میں ان کا احترام کرتا ہوں۔
دوسرے ٹی 20 کے بارے میں انھوں نے کہا کہ آئرش ٹیم ہمارے خلاف بہت ہی اچھا کھیلی، ہدف کا تعاقب آسان نہیں تھا کیونکہ آئرلینڈ کے بولرز اپنی کنڈیشنز کو اچھی طرح جانتے ہیں، شروع میں انھوں نے ہمیں کافی پریشان کیا مگر ہم بھی 194 کا ہندسہ عبور کرنے کا فیصلہ کرچکے تھے، ہمیں اس کیلیے جارحانہ کرکٹ کھیلنی تھی، ویسے بھی شکست پر ہم پریشر میں آجاتے ہیں اور جب ورلڈکپ قریب ہو تو دباؤ زیادہ ہوجاتا ہے،اسی لیے فتح کیلیے جان لڑا دی۔