پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ میں عالمی، علاقائی سکیورٹی اور خطے کی صورت حال پر غور کیا گیا اور دونوں ملکوں نے انسداد دہشت گردی کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اقوام متحدہ کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کیلئے پاکستانی سفیر حیدر شاہ اور امریکی رابطہ کار برائے انسداد دہشتگردی الزبتھ رچرڈ نے پاک امریکا انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ کی صدارت کی جس میں تحریک طالبان پاکستان اور داعش خراسان گروپ سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امن کو درپیش حالیہ چیلنجز سمیت خطے میں دہشتگردی کی روک تھام سے متعلق باہمی مفادات کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈائیلاگ میں دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی مشقوں اور مہارتوں کے تبادلے سمیت تحقیقات اور پروسیکیوشن میں ایک دوسری کی مدد اور بارڈر سکیورٹی انفرااسٹرکچر اور تربیت کے معاملات کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ڈائیلاگ میں فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں پرتشدد شدتپسندی کی نشاندہی اور اس کی بیخ کنی کیلئے تمام حکومتی وسائل استعمال کیے جائیں گے اور اس ضمن میں دونوں ممالک کے درمیان کمیونیکیشن کو بھی بڑھایا جائے گا۔
انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ میں اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ امریکا اور پاکستان عالمی اور علاقائی سکیورٹی اور استحکام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔