عمران اور بشریٰ بی بی مزے سے شاہانہ جیل کاٹ رہے ہیں: عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہےکہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی مزے سے شاہانہ جیل کاٹ رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ دونوں جیل میں نہیں خالہ کے گھر میں ہیں، آپ پریشان نہ ہوں۔

عظمیٰ بخاری نے سوال اٹھایا کہ کس حیثیت میں بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کو خیبرپختونخوا شفٹ کریں؟ باقی قیدیوں کو بھی ان کے صوبوں میں شفٹ کردیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی مزے سے شاہانہ جیل کاٹ رہے ہیں، ان کے کیس عدالتوں میں چل رہے ہیں اور جیل انتظامیہ دونوں کے ٹیسٹ کروارہی ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ آپ کی خواہشات کے مطابق عدالتی فیصلے ہوں تو واہ واہ کرتے ہیں، انتقامی سیاست ہم نے بھگتی ہے مگر  آپ کی طرح رونا دھونا نہیں کیا۔