مظفر آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ آزاد کشمیر میں ہونے والے پر امن احتجاج میں کچھ شرپسند عناصر بھی شامل تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر آزاد کشمیر پہنچے جہاں انہوں نے دارالحکومت مظفر آباد میں وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق کے ہمراہ آزاد جموں و کشمیر کی کابینہ کے اجلاس میں اظہارِ خیال کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مظاہرین اپنے مطالبات کیلئے پُرامن احتجاج کررہے تھے، کوئی شک نہیں کہ ان مظاہرین میں کچھ شرپسند عناصر بھی شامل تھے، جو تحریک چلی تھی اس میں کچھ شہری جاں بحق ہوئے جس کی مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کا مشکور ہوں جنہوں نے بہترین مشورے دیے، فوری طور پر 23 ارب روپے کا مالی تعاون کا پیکج تیار کیا اور 23 ارب روپے آزاد کشمیرحکومت کے اکاؤنٹ میں آچکے ہیں، یہ کوئی احسان نہیں بلکہ ہمارا فرض ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے لیے پوری دنیا میں آواز اٹھائی جاتی ہے، یہ یقین دلانے آیا ہوں کہ ہم آزاد کشمیر کی عوام کے ساتھ ہیں، آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی پاکستان کی ترقی و خوشحالی سے جڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، مقبوضہ کشمیرکی ہمیشہ سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کی اور کرتے رہیں گے، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے معاملے پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، فلسطین میں 36ہزار لوگوں کو شہید کردیاگیا۔