دہشت گردی کے واقعات کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش

قومی اسمبلی اجلاس میں وزارت داخلہ نے 2023 اور 2024 میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردیں۔

تحریری جواب کے مطابق 2023 میں دہشت گردی کے 1514 واقعات ہوئے جن میں 2922 افراد شہید اور زخمی ہوئے۔ واقعات میں 572 سیکیورٹی اہلکار شہید، 1292 زخمی جبکہ358 سویلین شہید اور 700 زخمی ہوئے۔

جنوری سے اپریل 2024 کے دوران دہشت گردی کے 561 واقعات ہوئے جس میں 886 افراد زخمی اور شہید ہوئے۔ اس دوران  167 سیکورٹی اہلکار شہید اور 348 زخمی جبکہ 118 سویلین شہید اور 253 زخمی ہوئے

دوسری جانب سی پیک منصوبوں میں سال 2020 تا 2024 کے دوران کام کرنے والے غیر ملکیوں پر حملوں پر  8 حملے ہوئےجن میں جانی نقصان کی تعداد 62 ہے۔

تحریری جواب کے مطابق سندھ میں 4 حملے ہوئے جن میں 3 حملے چینی باشندوں اور ایک حملہ جاپانیوں پر ہوا،حملے میں 5 افراد شہید ہوئے جبکہ تین سیکیورٹی اہلکار اور 4 دیگر افراد زخمی ہوئے۔  بلوچستان میں 2 حملے چینی باشندوں پر ہوئے جن میں 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں چینی باشندوں پر 2 حملے ہوئے جن میں  دو سیکیورٹی اہلکار  اور 17 دیگر افراد شہید ہوئے۔