پاکستان اور امریکا کا آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہو گیا۔
گزشتہ روز وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی اور آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے امور پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں پاکستان کے جسٹس سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ سے متعلق بھی گفتگو کی گئی، اعلامیہ کے مطابق فریقین نے آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
شزہ فاطمہ نے کہا پاکستان کا آئی ٹی و ٹیلیکام سیکٹر ترقی کر رہا ہے، خواہش ہے کہ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں پاک امریکا تعلقات مزید مستحکم ہوں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ امریکا کے ساتھ بزنس ٹو بزنس تعلقات بڑھانے کے خواہاں ہیں، امریکا کے ساتھ اشتراک سے گیمنگ انڈسٹری کے فروغ پر کام کرنا چاہتے ہیں۔
شزہ فاطمہ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں امریکا کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، موجودہ حکومت کی توجہ ڈیجیٹلائزیشن پر مرکوز ہے۔
امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلیکام سیکٹر میں مکمل تعاون کریں گے۔