شہری ہوا بازی : پاکستان پر فضائی پابندیوں سے متعلق یورپین سیفٹی ایجنسی کا اہم اجلاس ختم، پاکستانی ائیرلائنز کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی سے متعلق فیصلہ مئی کے آخر تک متوقع

پاکستان پر عائد فضائی پابندیوں سے متعلق یورپین سیفٹی ایجنسی آیاسا کا تین روزہ اہم اجلاس برسلز میں ختم ہو گیا، پابندیوں کے خاتمہ سے متعلق یورپین یونین کا فیصلہ مئی کے آخر میں متوقع ہے۔

شہری ہوا بازی سے متعلق یورپین یونین کے ادارے آیاسا 14 سے 16 مئی تک تین دن برسلز میں جاری رہنے والے اجلاس میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) پر عائد پابندی کے خاتمے اور پاکستانی ائیرلائنز کی پروازوں کی یورپ کیلئے بحالی سے متعلق رپورٹیں پیش کی گئیں۔

اجلاس میں شریک پاکستانی وفد کے رکن نے بتایا کہ آیاسا کے اجلاس میں پاکستانی مؤقف اچھی طرح سنا گیا اور اب پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی پر یورپین یونین کی جانب سے عائد پابندیوں کے خاتمے اور پی آئی اے سمیت پاکستانی ائیرلائنز کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی سے متعلق یورپین یونین کا فیصلہ طریقہ کار کے مطابق مئی کے آخر میں متوقع ہے۔

وفد کے رکن کا مزید کہنا تھا کہ یورپین یونین کے ادارے آیاسا کے اجلاس میں ہونے والی مزید پیشرفت سے پاکستان پہنچ کر آگاہ کیا جائے گا، سیکرٹری ایوی ایشن کی قیادت میں اجلاس میں شرکت کے بعد پاکستانی وفد واپس وطن روانہ ہو گیا۔