نواز شریف حکومت بدلنے کی سازشوں میں شریک رہے ، فواد چوہدری

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف 1985ء کے بعد سے حکومت بدلنے کی ہر سازش میں شریک رہے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کو اپنی حکومت بدلنے کا یہ دکھ ہے کہ عوام ان کے لیے باہر نہیں نکلے ، نواز شریف اگر لندن چلے جائیں گے تو عوام کس کے لیے نکلیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ قوم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ اس لیے ہے کہ انہوں نے مشکل وقت میں باہر جانے کے بجائے جیل جانا اور وہاں رہنے کو ترجیح دی۔ بانی پی ٹی آئی کو ہر صورت رہا کرنا ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت جو عدلیہ کے ساتھ ہو رہا ہے وہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔

سابق وفاقی وزیر نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔