پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان رؤف حسن ’خواجہ سراؤں‘ کے حملے میں زخمی

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات (ترجمان) رؤف حسن پر اسلام آباد میں حملہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رؤف حسن پر ستارہ مارکیٹ میں خواجہ سراؤں نے تیز دھار آلے سے حملہ کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ حملے کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان کا چہرہ زخمی ہوا جس پر انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ترجمان رئوف حسن نجی چینل کے دفتر میں پروگرام  ریکارڈنگ کروا کر باہر آئے تو کالے رنگ کی مہران گاڑی میں سوار چار خواجہ سرا ان پر حملہ آور ہوئے اور تیز دھاڑ بلیڈ سے رؤف حسن کے منہ پر وار کیا گیا۔

اس واقعے کو سینیٹر شبلی فراد نے ایوان بالا میں اجلاس کے دوران اٹھایا اور بتایا کہ ’ہماری اور پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی کے ترجمان رؤف حسن پر حملہ ہوا ہے، یہ سب قابل قبول نہیں ہے‘۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ فاضل اپوزیشن لیڈر نے ابھی یہ چیز شئیر کی ہے، کس نے حملہ کیا، کہاں پر حملہ ہوا؟ یہ چیزیں قانونی طور پر دیکھی جائیں گی۔ رؤف حسن رپورٹ درج کروائیں ان کی درخواست پر قانون کے مطابق عمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد یا متعلقہ افسران سے رپورٹ لے کر ایوان کو لازمی آگاہ کروں گا۔ رؤف حسن کو مبینہ طور پر زدوکوب اور حملے پر پی ٹی آئی نے سینیٹ اجلاس سے  سینیٹ سے احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔

بعد ازاں شبلی فراز نے ایوان میں آکر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ رؤف حسن پر خواجہ سراؤں نے حملہ کیا، اسی طرح کا حملہ ایک صحافی کے ساتھ بھی پیش آیا تھا، میری درخواست ہے اس معاملے کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ رؤف حسن کو نجی ٹی وی کے دفتر کے باہر بلیڈ مارا گیا ہے، عینی شاہدین کے مطابق رؤف حسن کو خواجہ سراؤں نے چہرے پر بلیڈ مارا، پولیس موقع پر موجود ہے اور شواہد جمع کیے جارہے ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا کہ جن خواجہ سراؤں نے یہ کام کیا ہے ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔