وزیراعظم شہبازشریف ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

وزیراعظم شہبازشریف ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پہنچ گئے، جہاں وہ اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کریں گے۔

تفیصلات کے مطابق وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورہ پر ابو ظہبی پہنچے ہیں، ابو ظہبی پہنچنے پر نائب صدر و نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زیدالنہیان نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد پاک امارات تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنا ہے، وہ دورے میں یواے ای قیادت کے ساتھ نتیجہ خیز تبادلہ خیال کے منتظر ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز کے مطابق وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا یہ پہلا یو اے ای کا دورہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے ساتھ کابینہ کے اہم وزرا پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ ، وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔

دورے کے وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید سے ملاقات متوقع ہے جبکہ ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین تعاون پر گفتگو ہوگی۔

دورہ یو اے ای کے دوران اماراتی کاروباری برادری اور مالیاتی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔

ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان و دیگر حکام کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت پر ایران کے شہر تہران میں تعزیتی تقریب میں شرکت کی تھی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی تھے۔