تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی صحت تشویشناک ہے اور قے کی وجہ سے ان کے جسم میں پانی کی کمی ہو چکی ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کی صحت سے متعلق سینٹرل جیل کے ایم اوکی رپورٹ سامنے آگئی،میڈیکل افسرنے رپورٹ میں ڈاکٹر یاسمین کی صحت کوتشویشناک قراردیا اور کہا کہ سخت گرمی کی وجہ سے ان کی طبیعت بگڑی، ان کا بلڈ پریشر 160/110 ہے۔
میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا کہ وہ گزشتہ روزسے کچھ کھا پی نہیں سکیں، قے کی وجہ سے یاسمین راشد کے جسم میں پانی کی کمی ہوچکی ہے۔ سروسزاسپتال میں رہنما پی ٹی آئی کا علاج جاری ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اسپتال ذرائع کا کہنا ہے ان کو ڈائریا ہوگیا ہے، سخت گرمی کی وجہ سے آئی جی جیل پنجاب نے جیل میں ائرکولر لگانے کا حکم دیا تھا، جو اب تک نہیں لگایا جاسکا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز ڈاکٹر یاسمین راشد کوٹ لکھپت جیل میں بے ہوش ہوگئی تھیں، جس کے بعد انھیں سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔