وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور جمہوریہ آئر لینڈ کے وزیراعظم سائمن ہیرس کے درمیان آج ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، شہبازشریف نے آئرش وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے آئرلینڈ کی حکومت کی طرف سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے حالیہ فیصلے پر آئرش حکومت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئرلینڈ کا فیصلہ معصوم فلسطینیوں کیلئے امید اور یکجہتی کا پیغام دے گا جو اسرائیل کے وحشیانہ مظالم کا شکار ہیں اور یہ فلسطین کاز کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ آئرلینڈ کا یہ فیصلہ دوسرے ممالک پر بھی ایسے فیصلے لینے کیلئے دباؤ کا باعث بنے گا۔
اس موقع پر وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا کہ آئرلینڈ نے دیگر یورپی اتحادیوں کی مشاورت سے اصولی فیصلہ کیا ہے کیونکہ غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائی کو کسی بھی طرح معاف نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ آئرش حکومت نے محسوس کیا کہ یہ فیصلہ نارملائزیشن کو فروغ دینے کیلئے ضروری ہے۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان میں اپنا ریزیڈنٹ مشن کھولنے کے آئرش حکومت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے آئرلینڈ کے وزیراعظم سائمن ہیرس کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔