اسلام آباد : وزیراعظم کے سیاسی مشیر راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پارلیمان چھوڑ کر نہ بھاگتے تو ہماری حکومت سولہ ماہ قائم نہ رہتی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر راناثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو حالیہ ریلیف کسی اشارے سے نہیں مل رہا، جو روپوش ہیں انہیں سامنے آنا چاہیے۔
بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے راناثنا کا کہنا تھا کہ اگربانی پی ٹی آئی پارلیمان چھوڑ کر نہ بھاگتا تو ہماری حکومت 16 ماہ کبھی قائم نہ رہتی اور اگر یہ دو صوبوں میں اپنی حکومتیں نہ گراتاتو9مئی بھی نہ ہوتا۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام معاشی عدم استحکام کو جنم دیتا ہے اور اس کی وجہ بانی پی ٹی آئی ہے، بانی پی ٹی آئی سیاستدان ہوکر غیرسیاسی رویہ اپنائے ہوئے ہے، پارلیمانی سسٹم میں اگر مذاکرات سےانکاری ہوں تو پھر آپ سسٹم کیلئے خطرہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انقلاب لانا ہے تو پارلیمنٹ چھوڑیں کیونکہ پارلیمان کا انقلاب سےکوئی تعلق نہیں، جس طرف سے آنکھ ماری جاتی ہےاب وہ آنکھ مارنے والی بات سے آگےہیں۔
پرویز الہی کے حوالے سے مشیر کا کہنا تھا کہ پرویزالٰہی کی رہائی بنتی تھی، مجھے تو ان سے اتنی برداشت کی امید نہیں تھی، بے شک پرویزالہٰی مخالف ہیں لیکن جولیڈرکےساتھ کھڑا رہے، میں اس کی عزت کرتا ہوں۔