ویسٹ انڈیز کو دھچکا، جیسن ہولڈر ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے

ویسٹ انڈیز کے تجربہ کار کھلاڑی جیسن ہولڈر انجری کی وجہ سے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 سے باہر ہو گئے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے مطابق ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے اور تجربہ کار کھلاڑی جیسن ہولڈر کی جگہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر اوبیڈ میک کوئے کو سکواڈ میں شامل کیا ہے گیا۔

32 سالہ جیسن ہولڈر کاؤنٹی چیمپئن شپ 2024 کے دوران انجری کا شکار ہوئے اور انہیں صحت یاب ہونے کیلئے وقت درکار ہے جس کی وجہ سے وہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

جیسن ہولڈر کی جگہ سکواڈ میں شامل کئے جانے والے اوبیڈ میک ویسٹ انڈیز اے کے حالیہ دورہ نیپال کے دوران سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر تھے اور انہوں نے پانچ میچوں میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز کے سلیکٹر ڈیسمنڈ ہینس کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے دوران جیسن ہولڈر کی کمی محسوس ہوگی تاہم، اس دوران میک کوئے کو بڑے مرحلے پر ایک موقع فراہم کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسن ہولڈر ہمارے سیٹ اپ میں ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں، بلاشبہ ان کی کمی میدان کے اندر اور باہر دونوں جگہ محسوس کی جائے گی لیکن ہم جلد ہی ایک بار پھر مکمل طور پر فٹ جیسن کے ساتھ آنے کے منتظر ہیں۔

ورلڈ سکواڈ میں کائل میئرز، میتھیو فورڈ، فیبین ایلن، ہیڈن والش اور آندرے فلیچر کو بطور ریزرو کھلاڑی شامل کیا گیا۔

ہیڈ کوچ اور دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فاتح ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ ریزرو کھلاڑی بغیر کسی رکاوٹ کے ٹیم میں جگہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ورلڈ کپ سکواڈ : کپتان روومین پاول، الزاری جوزف، جانسن چارلس، روسٹن چیس، شمرون ہٹمیئر، شائے ہوپ، آکیل حسین، شمر جوزف، برینڈن کنگ، اوبیڈ میک اوئے، گڈاکیش موتی، نکولس پوران، آندرے رسل، شرفین ردر فورڈ اور روماریو شیفرڈ۔