پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو خود مختار ادارہ بنانے کا فیصلہ

پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو خود مختار ادارہ بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل نے کہا ہے کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کا اتھارٹی بننے کے بعد دیگر محکموں پر انحصار ختم ہو جائے گا، پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو اتھارٹی کا درجہ دینے کے لئے مسودہ تیار کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ مسودہ قانون کو پنجاب اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا، اتھارٹی بننے کے بعد پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے افسران دہشت گردی کے واقعات کے جائے وقوعہ کا خود معائنہ کر سکیں گے اور افسران کرائم سین کی تصاویر لیکر شواہد بھی اکٹھے کر سکیں گے۔

نور الامین مینگل نے کہا ہے کہ اتھارٹی کے قیام کے بعد افسران قتل کی وارداتوں کا سراغ لگانے کے لئے خود متعدد اقدامات کرسکیں گے اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو اتھارٹی بنانے کی منظوری پنجاب اسمبلی دے گی۔