پاکستان کی رفح میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد: پاکستان نے غزہ کے علاقے رفح میں ایک پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کی بمباری اور اس میں فلسطینیوں کے زندہ جل مرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے رفح میں فوجی کارروائی فوری روکنے کا حکم دیا تھا، تاہم اسرائیلی قابض افواج نے ایک بار پھر عالمی قانون کی خلاف ورزی کی۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان آئی سی جے کے احکامات پر فوری عمل درآمد کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے، اور مطالبہ کرتا ہے کہ غزہ میں شہریوں کے مکمل تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان غزہ کی نسل کشی پر اسرائیلی قابض افواج کو جواب دہ ٹھہرانے کا مطالبہ کرتا ہے، سلامتی کونسل اسرائیل کو مزید حملوں سے روکنے کے لیے کردار ادا کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فورسز نے رفح میں بے گھر لوگوں کے خیموں پر جان بوجھ کر بمباری کی، جس سے کم از کم 40 فلسطینی زندہ جل کر شہید ہو گئے، ان میں کئی بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ متعدد ممالک اور عالمی تنظیموں نے خیموں پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔