پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چوتھا ٹی 20 بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 4 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا آخری میچ آج لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلا جانا ہے ۔
پاکستانی وقت کے مطابق میچ کا آغاز رات ساڑھے 10 بجے ہوگا تاہم میچ سے قبل لندن میں تیز بارش شروع ہوگئی اور خدشہ ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کا چوتھا ٹی 20 بھی بارش سے متاثر ہوگا۔
دی ویدر چینل نے لندن میں بارش کے 42 فیصد امکانات کی پیش گوئی کی ہے۔
اس سے قبل پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دو میچز بارش کی وجہ سے منسوخ ہوچکے ہیں، 22 مئی کو لیڈز میں ہونے والا سیریز کا پہلا میچ جبکہ 28 مئی کو کارڈف کے صوفیہ گارڈنز میں ہونے والا تیسرا ٹی 20 بھی بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔
25 مئی کو دوسرے ٹی 20 میں انگلینڈ نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی۔
دریں اثنا میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ میں پاکستانی کرکٹرز کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے، سیکیورٹی بڑھانے کی درخواست چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کی تھی۔
یہ فیصلہ شائقین کی جانب سے کپتان بابر اعظم کو ہوٹل کے باہر گھیرنے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔