سیاسی امور میں وزیرِاعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے مقدمات فوجی عدالت میں چلنے دیے جاتے تو ایک ماہ میں فیصلہ ہو جاتا۔
گزشتہ روز فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں اس حوالے سے کیے گئے شکوے کو درست قرار دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ خان نے ایک نجی چینل سے گفتگو کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی کے واقعات کی ایک سال تک تیاری کی تھی۔
وزیرِ اعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق درست قانونی کارروائی نہیں ہو پائی۔ چیف جسٹس آف پاکستان فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شکوے کے تناظر میں 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کو سزا سنانے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کریں۔
یاد رہے کہ جمعرات کو 83 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف نے کہا تھا کہ جب تک شفاف عدالتی کارروائی کے ذریعے 9 مئی کے واقعات کے تمام ذمہ داروں کو سزا سنائی نہیں جاتی تب تک ملک سازشی عناصر کے ہاتھوں یرغمال ہی رہے گا۔