وفاقی حکومت نے فیض آباد دھرنا کمیشن سے متعلق کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی۔ کابینہ ڈویژن نے کمیٹی کی تشکیل کا باضابطہ نو ٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق کابینہ کمیٹی کے کنوینر وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ ہوں گے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اقتصادی امور سنیٹر احد خان چیمہ ‘اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان اور سیکریٹری قانون کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
کمیٹی کی ٹی او آر ( دائرہ کار) دو رکنی ہیں۔ پہلا نکتہ یہ ہے کہ کیا فیض آباد دھرنے کے واقعہ پر ایک نیا کمیشن آف انکوائری بنایا جا ئے یا نہیں؟؟ دوسرا نکتہ یہ ہے کہ اگر نیا کمیشن آف انکوائری بنایا جائے تو اس کی کمپوزیشن (تشکیل ) اور اس کی ٹی او آرز کیا ہوں گی۔
تشکیل کردہ نئی کمیٹی 2 ہفتوں میں اپنی رپورٹ کابینہ کو پیش کرے گی۔وزارت قانون و انصاف سیکر ٹیریٹ سپورٹ فراہم کرے گی۔وفاقی کابینہ اور سپریم کورٹ پہلے ہی نگران حکومت کے قائم کردہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ مسترد کر چکی ہیں۔