دورہ چین کی تیاری: چینی انڈسٹری کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی ترغیب کا فیصلہ، لائحہ عمل بنانے کی ہدایت : چینی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کریں گے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ چین کی تیاریوں سے متعلق اجلاس میں بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں سے متعلق جامع پلان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی انڈسٹری کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی ترغیب پر لائحہ عمل بنایا جائے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم سے آٹو اور آٹو پارٹس مینوفیکچررز کے وفد نے بھی ملاقات کی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم کے دورہ چین کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت شہبازشریف نے خود کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو دورہ چین کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، تاجروں کا وفد بھی شہباز شریف کے ہمراہ جائے گا۔ وفد چینی کاروباری برادری سے ملاقاتیں کرے گا، اور بزنس ٹو بزنس تعلقات کے فروغ پر بات چیت کرے گا۔

وزیراعظم نے بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کے حوالے سے جامع پلان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چینی انڈسٹری کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی ترغیب پر لائحہ عمل بنایا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ چینی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرینگے۔

وزیراعظم نے چین میں تعینات پاکستانی سفیر کو وفد کو سہولیات فراہم کرنےکی ہدایت کی۔

وزیر اعظم سے آٹو اور آٹو پارٹس مینوفیکچررز کے وفد کی ملاقات

ملاقات میں وفد نے کاروبار و سرمایہ کار دوست پالیسیاں بنانے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا اور شہباز شریف کو آٹو سیکٹر کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ آٹو سیکٹر پاکستان میں مقامی سطح پر گاڑیوں کی تیاری کرے، آٹو سیکٹر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ڈیلیشن کی پالیسی پرعملدرآمد کرے۔

شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی آٹو پارٹس کی صنعت عالمی ویلیو چین کا حصہ بنے، برآمدات میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔