اسلام آباد : فائلرز کے لیے بھی بڑی مشکل کھڑی ہوگئی اور انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے باوجود نئی پریشانی کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) حکام نے نان فائلرز کے ساتھ ساتھ فائلرز کی موبائل سمیں بھی بلاک کرواناشروع کردیں۔
جن شہریوں کے اکتوبر 2023 انکم ٹیکس ریٹرن جمع ہوچکے ہیں، ان کی بھی سمزبند کروادی گئی ہیں۔
ایف بی آر حکام کو ٹیکس ریٹرن فارم کی کاپی فراہم کرنے کے باوجود سم بحال نہیں کی جا رہی اور تنخواہ دار طبقے کو دوہزار چوبیس کے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کیلئے کہا جارہا ہے، رواں مالی سال 30 جون 2024 کو ختم ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھی سمزبلاک ہونے کی شکایت موصول ہو رہی ہیں، ٹیلی کام ذرائع کا کہنا ہے حکام بغیر چیکنگ سمزبلاک کرنے کا آرڈر دے رہے ہیں، جس کیخلاف شکایت موصول ہورہی ہیں۔
یاد رہے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان فائلرز کی جانب سے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے پر 7 ہزار 167 موبائل سمز بحال کردی تھیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اب تک 65 ہزار نان فائلر کا ڈیٹا ٹیلی کام کمپنیوں سے شیئر کیا گیا اور ٹیلی کام کمپینوں کو ان نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کرنے کی ہدایت کی گئی ۔
ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر 5 لاکھ 6 ہزار 671 نان فائلرز کی فہرست تیار کی گئی تھی ،انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے تحت ان افراد کی سمز بتدریج بند کرنے کا فیصلہ ہوا تھا۔