12 جون کو وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کا امکان : وزیراعظم کے دورہ چین کے بعد قومی اقتصادی کونسل تشکیل دی جائےگی، صدر مملکت قومی اقتصادی کونسل کی منظوری دیں گے

وفاقی حکومت کی جانب سے اگلے ہفتے بجٹ پارلیمان میں پیش کیے جانے کا امکان لیکن ابھی تک قومی اقتصادی کونسل تشکیل نہیں دی جا سکی ہے۔

 پارلیمان میں بجٹ پیش کرنے سے پہلے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس منعقد ہونا ضروری ہے جس میں بجٹ کے خدوخال کی منظوری دی جاتی ہے، اس کے بعد بجٹ سروے میں لانچ کیا جاتا ہے۔

وفاقی بجٹ کس تاریخ کو پیش کیا جائے گا حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے، وزیراعظم شہبازشریف کا دورہ چین 8 جون تک جاری رہے گا، موجودہ صورتحال کے پیش نظر وفاقی بجٹ کے 12 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ وزیراعظم کے دورہ چین کے بعد قومی اقتصادی کونسل تشکیل دی جائےگی، وزیراعظم کی سفارش پر صدر مملکت قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل کی منظوری دیں گے۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن قومی اقتصادی کونسل کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا اور پھر قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس بلایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کونسل کے چیئرمین وزیراعظم ہوں گے، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کونسل ممبر ہوتے ہیں جبکہ وفاقی اور چاروں صوبائی وزرائے خزانہ بھی کونسل کے ارکان ہوتے ہیں۔