وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد میں عالمی معیار کا قائداعظم ہیلتھ ٹاور تعمیر کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت قومی صحت کے اُمور سے متعلق اجلاس ہوا ، وزیراعظم نے ہیلتھ ٹاور کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کے حوالے سے فوری طور پر لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کردی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ صحت کا شعبہ ایک انتہائی اہم اور حساس شعبہ جس کے ذمہ انسانی جانیں بچانے کا اہم فریضہ ہے ، ہیلتھ ٹاور میں بہترین معیار کے ہسپتالوں کے علاوہ میڈیکل یونیورسٹی بھی شامل کی جائے جبکہ نرسنگ یونیورسٹی ، جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ لیبارٹریز اور امراض کی تشخیص کے مراکز بھی قائم کئے جائیں۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ملک میں پولیو کے نئے کیسز سامنے آنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملکی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اور شراکت داروں کی مدد سےپولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائیں گے ۔
انہوں نے وزارت قومی صحت اور اس سے منسلک اداروں میں بہترین استعداد کے ہیلتھ پروفیشنلز کی تعیناتی سمیت قومی وزارت صحت کے زیر تحت لیبارٹریز کے معیار اور کارکردگی کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی بھی ہدایت کردی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ڈرگ پرائیسنگ کو ڈریپ سے الگ کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دینے اور اسلام آباد کے تمام سرکاری ہسپتالوں کا ہیومن ریسورس آڈٹ کروانے کی ہدایت کردی ۔
وزیراعظم نے ملک بھر کے نرسنگ سکولز اور کالجز کا بھی آڈٹ کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے صحت کے حوالے سے اُمور کی خود نگرانی کروں گا ۔
اجلاس کو وزارت قومی صحت کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔