سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس میں 1909 پوائنٹس کا اضافہ

وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کے اگلے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران زبردست تیزی کا رجحان ہے، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 1909 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر 15 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 1909 پوائنٹس یا 2.62 فیصد اضافے کے بعد 74 ہزار 707 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 72 ہزار 797 پر بند ہوا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نئے مالی سال 25-2024 کا 18ہزار ارب سے زائد حجم کا بجٹ پیش کردیا تھا، جس میں وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد تک اضافے کے ساتھ ساتھ ملک میں ملازمین کی کم از کم تنخواہ 37 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے اور ملک کے دفاعی اخراجات کے لیے 21 سو 22 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔