افغان کھلاڑیوں کی پاکستان سے جیت؛ ڈریسنگ روم میں "بن پیئے شرابی دیکھے"

سابق بھارتی کرکٹر اجے جڈیجا نے افغان کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستان کیخلاف جیت پر ڈریسنگ روم کے ماحول سے پردہ اٹھادیا۔

پاکستان کے سابق کپتان راشد لطیف کو دیئے گئے انٹرویو میں آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں افغان ٹیم کے مینٹور اجے جڈیجا نے انکشاف کیا کہ روایتی حریف گرین شرٹس اور بھارت کے کھلاڑیوں میں دشمنی کا عنصر دیکھنے کو نہیں ملتا لیکن اسکے برعکس افغانستان سے پاکستان کا میچ ہو تو ماحول بلکل الگ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں کھیلے گئے 50 اوورز کے ورلڈکپ میں افغان ٹیم کو قریب سے دیکھا، میگا ایونٹ میں پاکستان کیخلاف میچ میں کامیابی سمیٹنے کے بعد ڈریسنگ روم میں جشن کا سماں تھا جبکہ مجھے ایسا لگ رہا تھا بن پیئے شرابی جھوم رہے ہیں۔

میچ کے بعد کئی افراد نے مجھ سے پوچھا کیسا لگا، جس پر انہیں وضاحت دے رہا تھا کہ پاک بھارت میچ میں اگر ہلئیرز اور ٹیموں میں 10 گُنا مقابلہ ہے تو ایسے پاک افغان میچ میں 100 گُنا کردیں۔

واضح رہے کہ افغانستان سے شکست کے بعد کئی بھارتی کرکٹرز نے بھی پاکستانی ٹیم پر تنقید کے نشتر چلائے تھے جبکہ اس ایونٹ میں قومی ٹیم گروپ راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ سکی تھی۔