ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبےسے منائی جائے گی، صدر، وزیراعظم اور افواج پاکستان کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی گئی ہے۔
پاکستان بھر میں عید قرباں آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی، تمام چھوٹے بڑے شہروں اور گاؤں دیہات میں عید کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔
نماز عید کی ادائیگی اور خطبہ عید الاضحی کے بعد عالم اسلام کی سربلندی، ملکی ترقی و خوشحالی، فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں کے لیے بھی دعائیں کی جائیں گی۔
عید الاضحی کے تینوں ایام میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے جانور قربان کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا، شہری اللہ کی راہ میں انفرادی اور اجتماعی قربانی کریں گے، اور قربانی کا گوشت مساکین اور غربا میں تقسیم کیا جائے گا۔
دریں اثنا صدر پاکستان آصف علی زرداری نواب شاہ میں عید منائیں گے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف ماڈل ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ پر نماز عید ادا کریں گے۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز عید جاتی امرا رائیونڈ میں منائیں گے۔
صدر مملکت کا قوم کے نام پیغام
صدر ِمملکت آصف علی زرداری نے عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے مبارک اور پُرسعید موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کی تسلیم و رضا کی یاد دلاتی ہے، اللہ تعالیٰ نے قربانی کے عمل کو امتِ محمدیہ ﷺ پر لازم قرار دیا ہے اور نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے کہ اللہ تعالی کے نزدیک سب سے عظیم دن قربانی کا ہے۔
صدر نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا چاہیے، اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور فرمانبرداری ہی کامیابی کی کنجی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اخوت،ایثار،محبت اور اخلاص سے سرشار ہو کر ضرورت مند وں کی مدد کرے، صدر کا کہنا تھا کہ قربانی کی اصل روح کو سمجھ کر عملی زندگی میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ قربانی کی استطاعت نہ رکھنے والے لوگوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں، دعا گو ہوں کہ یہ بابرکت موقع عالم اسلام اور پاکستان کیلیے رحمتیں اور خوشیاں لائے۔
وزیراعظم کی قوم کو عید کی مبارکباد
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ آپس میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں۔ اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ میں عید کے پرمسرت موقع پر ہم وطنوں اور تمام مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے ہم وطنوں سے کہا ہے کہ آئیں اس مبارک دن کے حقیقی معنوں کو سمجھتے ہوئے آپس میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں۔
پاک فوج کی جانب سے قوم کو مبارکباد
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج، CJCSC اور سروسز چیفس نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد پیش کی ہے۔
یہ مقدس واقعہ عظیم تر بھلائی کے لیے قربانی کے جذبے کو ابھارتا ہے، اس مبارک دن پر ہم وطن کی آزادی اور امن کے لیے اپنے شہداء اور غازیوں کے مقروض ہیںجن کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ پاکستان پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے اور اسے دشمنوں کے مذموم عزائم سے محفوظ رکھے، آمین۔