خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صحافی جبران خلیل جاں بحق ہوگئے۔
ضلعی پولیس آفیسر سلیم عباس نے بتایا کہ تھانہ حدود لنڈی کوتل علاقہ مزرینہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے صحافی اور لنڈی کوتل پریس کلب کے سابق صدر محمد جبران کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق خلیل جبران ایڈوکیٹ سجاد ایڈوکیٹ کے ہمراہ گاڑی میں گھر جارہے تھے کہ اُن کی کار خراب ہوئی اور اس دوران موٹر کار میں سوار ملزمان نے انہیں گاڑی سے اتار کر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔
دوسری جانب وزیراعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے صحافی کے قتل کی مذمت کی اور اس کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ نے مقتول صحافی کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی مغفرت اور پسماندگان کیلیے صبر کی دعا بھی کی۔ انہوں نے متاثرہ اہل خانہ کو یقین دہانی کرائی کہ خلیل جبران کے قاتل قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔