پنجاب میں عید الاضحیٰ کے موقع پر حادثات کی رپورٹ جاری کردی گئی، جس کے مطابق 2 روز میں پنجاب بھر میں ہونے والے مختلف حادثات میں 39 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ہزاروں کو ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق پنجاب میں عید الاضحیٰ کے دوسرے روز حادثات میں 21 جبکہ پہلے دن 18 افراد جاں بحق ہوئے، عید کے دوسرے روز حادثات میں 2137 زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
ترجمان ایمرجنسی سروسز کے مطابق عید کے دوسرے روز صوبائی دارالحکومت میں سب سے زیادہ 311 حادثات میں 366 لوگ زخمی ہوئے۔
فیصل آباد میں 144، گوجرانوالہ میں 103، ملتان میں 96 اور دیگر تمام اضلاع میں 1483 حادثات رپورٹ ہوئے۔
ترجمان کے مطابق عید کے دوسرے دن پنجاب بھر میں آتشزدگی کے 164 واقعات رپورٹ ہوئے۔
لاہور میں 39، فیصل آباد میں 13، گوجرانوالہ میں 10 اور باقی اضلاع میں آتشزدگی کے 102 واقعات رپورٹ ہوئے۔