سرحد پار کر کے بھارت جانے کی کوشش پر پاکستانی شہری گرفتار

بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بارڈر پر پاکستانی شہری کو حراست میں لینے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بی ایس ایف آفیشلز نے اپنے دعوے میں کہا کہ پاکستانی شہری آج صبح سرحد پار کر کے بھارت میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

بھارتی ویب سائٹ کے مطابق پاکستانی شخص بھارتی ریاست گجرات کے ضلع ’کچھ‘ سے بھارتی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

بارڈر سیکیورٹی فورسز نے مذکورہ شخص کو حراست میں لے کر اس سے تفتیش شروع کر دی ہے۔

بی ایس ایف آفیشلز نے بیان میں بتایا کہ زیر حراست شخص کی شناخت افضل کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 30 سال ہے جو پاکستان کے شہر سیالکوٹ کا شہری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ افضل کے پاس سے کوئی ممنوعہ چیز برآمد نہیں ہوئی۔

بارڈر سیکیورٹی فورسز کے جاری کرہ بیان میں کہا کہ صبح 7:15 بجے کے قریب بی ایس ایف کے ایک پہرے دار نے ایک پاکستانی شخص کو ویگھاکوٹ (کچھ میں) کے قریب سرحد پر باڑ کو عبور کرتے ہوئے بھارتی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کرتے دیکھا۔ پہرے دار کی طرف سے پیغام ملتے ہی، بی ایس ایف کے جوان موقع پر پہنچے اور پاکستانی کوگرفتار لیا۔