اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے لوڈشیڈنگ کے معاملات افہام و تفہیم سے اگلے 48 گھنٹوں میں حل کرنے پر اتفاق کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوکر بجلی بحال کرنے اور نیشنل گرڈ کو بجلی نہ دینے کے اقدام پر وزیر داخلہ نے علی امین گنڈا پور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
وزیراعلی کے پی کے علی امین گنڈاپور نے محسن نقوی کو اپنے تحفظات اور عوامی شکایات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ دونوں شخصیات نے خیبرپختونخوا میں 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ پر اگلے دو روز میں مذاکرات اور مشاورت پر اتفاق کیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیر داخلہ نے اتفاق کیا کہ افہام و تفہیم سے باہمی غلط فہمیاں دور کی جائیں گی۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا نے وزیرداخلہ داخلہ کو گرڈ اسٹیشنز کی حفاظت اور تحفظ کی یقین دہانی کرائی جبکہ محسن نقوی نے کہا کہ پوری کوشش ہے کہ خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ جلد حل ہو، تمام وفاقی تنصیبات کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔