چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی محکمہ کے وزیر کل پاکستان کے دورہ پر اسلام آباد پہنچیں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق چین کے وزیر مسٹر لیو جیان چاو نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، لیو جیان چاو 20 سے 22 جون تک اسلام آباد کا دورہ کریں گے، نائب وزیراعظم کے ساتھ سی پیک پر سیاسی جماعتوں کے پاک چین مشترکہ مشاورتی میکنزم کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
وہ پاکستان کی اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے، 2019 میں قائم کیا گیا سی پیک پر سیاسی جماعتوں کا مشترکہ میکنزم چین کی کمیونسٹ پارٹی اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان ایک باقاعدہ مشاورتی طریقہ کار ہے۔
پچھلی ملاقاتیں 19 مارچ 2019ء کو بیجنگ میں اور 20 اگست 2020ء کو عملی طور پر ہوئی تھیں، جے سی ایم کے تیسرے اجلاس میں پاکستان اور چین سی پیک منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیں گے، پاکستان کی سماجی اقتصادی ترقی میں سی پیک کے تعاون اور علاقائی رابطوں کے لئے اس کی اپ گریڈیشن اور توسیع کا جائزہ لیا جائے گا۔
یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں کا حصہ ہے، اس میکنزم میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان روابط بھی شامل ہیں، ملاقاتوں کا مقصد دونوں ممالک کی طرف سے اپنی ’’آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ‘‘ کو مزید گہرا کرنا ہے۔
متعلقہ بنیادی مفادات کے معاملات پر باہمی تعاون کی توثیق اور سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانا ہے، اہم علاقائی اور عالمی پیشرفت پر مواصلات اور مکالمے کو بڑھانے کی اہمیت پر بات چیت ہوگی۔