عیدالاضحیٰ کے موقع پر دیگر شوبز شخصیات کی طرح اُبھرتی ہوئی اداکارہ و ماڈل شیزل شوکت نے بھی 'عید ڈریس' میں ویڈیو پوسٹ کردی۔
شیزل شوکت کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے عید کے موقع پر دلکش سیاہ لباس زیب تن کر رکھا ہے۔
ویڈیو میں شیزل شوکت یہ دیدہ زیب لباس پہن کر جھومتی ہوئی اور زلفی لہرا کر مسحور کن ادائیں دکھاتی نظر آئیں۔
تاہم یہ ویڈیو پوسٹ کرنے کے بعد شیزل شوکت مداحوں کی جانب سے شدید تنقید کی زد میں آگئیں جنہیں یہ ڈریس ایک آنکھ نہ بھایا۔
صارفین کی جانب سے تنقید کی بوچھاڑ سے بچنے کے لیے شیزل شوکت نے ویڈیو کا کمنٹس سیکشن آف کردیا۔
شیزل شوکت کے فین اکاؤنٹس سے اسی لباس میں ویڈیوز پوسٹ کی گئیں تو سوشل میڈیا صارفین نے سخت الفاظ میں تنقید کرکے اداکارہ کو شرمندہ کرنے کی کوشش شروع کردی۔
ایک صارف نے لکھا کہ 'انگریزی بول کر اور جسم دکھا کر عزت نہیں ملتی'۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ 'اتنی پتلی قمیض کے نیچے شمیز بھی پہن لیتیں'۔
بعض لوگوں نے کمنٹ سیکشن میں 'ہدایت' کی دعائیں دینا بھی شروع کردیں، ایک صارف نے لکھا کہ 'ان کے گھر میں شاید باپ بھائی نہیں ہوتے، اللہ ہم سب کو ہدایت دے'۔
ایک صارف نے لکھا کہ 'کپڑے صارف نام کے ہی پہنے ہیں، شرم آنی چاہیے'۔
یاد رہے کہ شیزل شوکت ماضی میں متعدد انٹرویوز میں بتا چکی ہیں کہ درست اردو نہ بولنے پر ان کا مذاق اڑایا جاتا رہا ہے۔
شیزل شوکت کی پیدائش وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوئی، تاہم وہ جب کم عمر تھیں تب ان کا خاندان کینیڈا منتقل ہوگیا تھا اور ان کا زیادہ تر وقت وہیں گزرا۔
ان کے والد افغانی نژاد جب کہ والدہ کشمیری ہیں اور انہوں نے تعلیم بھی کینیڈا سے حاصل کر رکھی ہے، اس لیے انہیں 2020 میں پاکستان منتقل ہوتے وقت اردو زبان بولنے میں سخت مشکلات پیش آئیں۔