پیپلزپارٹی نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے لیا

وفاقی حکومت کے ساتھ مذاکرات میں اہم پیشرفت کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے لیا۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی جانب سے بجٹ پر ووٹ دینے سے متعلق تاحال فیصلہ نہیں ہوا تاہم چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تمام اراکین قومی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ تمام ارکان بجٹ اجلاس میں شرکت یقینی بنائیں۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کی ہدایت پر پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی بجٹ اجلاس میں شریک ہوئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مذاکراتی کمیٹیوں کے اراکین نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور حکومت سازی کے وقت ہونے والے معاہدہ پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔

مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی مذاکراتی کمیٹیوں کی بیٹھک آج دوبارہ شیڈول ہے، فریقین تمام معاملات پر اتفاق رائے کے بعد تحریری معاہدہ بھی کریں گے۔