ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنےکی منظوری

وفاقی کابینہ نےڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنےکی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق برآمدمقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہونے سے مشروط ہو گی، مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں میں اضافے پربرآمد کو روک دیا جائے گا، کابینہ کمیٹی چینی کی قیمتوں کے حوالے سے نگرانی کرے گی، چینی کی برآمد کے لیےکوٹہ صوبوں میں تقسیم کیا جائے گا، صوبوں میں گنے کی انسٹالڈ کرشنگ کی صلاحیت کی بنیاد پر کوٹہ تقسیم ہوگا، پنجاب کے لیےچینی کی برآمد کاسب سے زیادہ61 فیصد کوٹہ مختص کیا جائے گا، سندھ 32 اورخیبر پختونخواہ کے لیےشوگر ایکسپورٹ کا 7 فیصد کوٹہ مختص ہوگا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شوگر ایکسپورٹ کوٹہ صوبوں کے کین کمشنرزکےذریعے تقسیم ہوگا، چینی برآمد کے لیےنوٹیفکیشن جاری ہونےکے7 روزکےاندر کوٹہ مختص کیاجائے گا، چینی کی برآمد کے لیےوفاقی اور صوبائی حکومتیں کوئی سبسڈی نہیں دیں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سٹیٹ بینک15روزبعد کی بنیاد پرچینی کی برآمد کی صورتحال سے ای سی سی کوآگاہ کرے گا، کوٹہ مختص ہونے کے بعد ایکسپورٹرز 45 روز کے اندر چینی برآمد کرنے کے پابند ہوں گے، برآمدگی کی رقم بینکنگ چینلزکےذریعے ایڈوانس یا ایل سی کھولنے کے 60 روز کے اندر وصول ہو گی۔