رواں سال ریاستی ملکیتی اداروں کے سالانہ نقصانات 905 ارب روپے تک پہنچ گئے

رواں سال ریاستی ملکیتی اداروں کے سالانہ نقصانات 905 ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں۔

وفاقی ریاستی ملکیتی اداروں کے مالی نقصانات کی رپورٹ سامنے آگئی جس کے مطابق توانائی شعبے نے 304 ارب روپےکے نقصانات کیے، حکومت نے توانائی سمیت کئی اداروں کو 1021 ارب روپے کی مالی مدد دی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تقسیم کار کمپنیوں سمیت توانائی شعبے پر 759 ارب روپے خرچ کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق 10 سال میں ریلویز، این ایچ اے کے نقصانات 5 ہزار 595 ارب سے تجاوز کر گئے، خسارے کی وجہ سے گردشی قرضہ 4 ہزار ارب روپے سے تجاوز کرگیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال بعض سرکاری اداروں نے 703 ارب منافع بھی کمایا، اس کے نتیجے میں نیٹ نقصانات 202 ارب روپے کی سطح پر آگئے۔

رپورٹ کے مطابق سرکاری اداروں کے اثاثوں کی بک ویلیو 35 ہزار 218 ارب روپے رہی، سرکاری اداروں کے ذمہ واجبات 20 فیصد اضافے سے 29 ہزار 721 ارب ریکارڈ کیے گئے۔