افغان کرکٹر گلبدین نائب پر میچ میں تاخیرکیلئے’’فیک انجری‘‘ کا الزام لگ گیا۔
افغان ٹیم نے 11 ویں اوور میں بنگلہ دیش کی 80 کے اسکور پر چھٹی اور ساتویں وکٹ حاصل کی۔
اگلے اوور میں جب بنگلہ دیش کی ٹیم ڈی ایل ایس میتھڈ کے اسکور سے صرف 2 رنز پیچھے تھی تو ایسا دیکھا گیا کہ افغانستان کے کوچ جوناتھن ٹروٹ اپنے کھلاڑیوں کو میچ کو سلو ڈاؤن یعنی تاخیر کرنے کی کوشش کا اشارہ دے رہے ہیں تاکہ بارش کی صورت میں بنگلہ دیش کی ٹیم ڈی ایل ایس میتھڈ کے پار اسکور سے پیچھے رہے۔
جوناتھن ٹروٹ کے اشارے کے بعد 12 ویں اوور کی تیسری اور چوتھی گیند کے دوران سلپ میں کھڑے افغان فیلڈر گلبدین نائب ٹانگ میں شدید تکلیف کا اشارہ کرتے ہوئے زمین پر لیٹ گئے۔ اس دوران ٹیم ممبرز کی جانب سے سپورٹنگ اسٹاف سے مدد طلب کی گئی اور انہیں میدان سے باہر لے جایا گیا۔
اس سب کے دوران میچ کو روک دیا گیا تھا۔جیسے ہی گلبدین کو میدان سے باہر لے جایا گیا تو بارش شروع ہوگئی اور پچ کو ڈھانپ دیا گیا۔
تاہم بارش زیادہ دیر نہیں ہوئی اور میچ کو دوبارہ شروع کردیا گیا تو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت ایک اوور کم کردیا گیا اور بنگلہ دیش ٹیم کو 114 رنز کا ہدف ملا۔
میچ جیسے ہی شروع ہوا تو کچھ لمحے کے بعد حیران کن طور پر گلبدین جن سے کچھ وقت پہلے چلا تک نہیں جارہا تھا وہ بھی فیلڈ پر واپس آگئے اور میچ کا 15 واں اوور بھی کروایا اور وکٹ بھی لی۔
تاہم پھر افغانستان نے بنگلا دیش کو 8 رنز سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔یادرہے کہ میچ کے دوران بیٹنگ یا بولنگ ٹیم کی جانب سے جان بوجھ کر وقت ضائع کرنا جرم ہے۔