اسلام آباد: اپوزیشن کی شدید مخالفت کے باوجود قومی اسمبی میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 کثرت رائے سے منظور ہوگیا، جس کے تحت الیکشن ٹریبونل میں ریٹائرڈ جج تعینات ہوسکیں گے۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیا، جس پر اپوزیشن جماعت سنی اتحاد کونسل نے شدید مخالفت اور نعرے بازی کی۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بل کے تحت الیکشن ٹریبیونلز میں ریٹائرڈ ججوں کو تعینات کیا جا سکے گا اور الیکشن ٹریبونلز کے قیام کا اختیار آئین کے تحت الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔
مذکورہ بل کے تحت انتخابی عذرداریوں پر الیکشن ٹریبونل کی تعیناتی کا اختیار الیکشن کمیشن کو دے دیا گیا ہے اور وزیرقانون نے دہرا یا کہ یہ الیکشن کمیشن کا ہی اختیار ہے۔
سنی اتحاد کونسل کی جانب سے بل کی مخالفت کی گئی۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور رانا ارادت شریف نے بل پر کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔