وزارت خزانہ نے وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 9روپے فی لیٹر سے زائد اضافے کا اعلان کردیا ہے۔
وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 7روپے 45 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 9روپے 56 پیسےکا اضافہ کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 258.16 سے بڑھ کر 265.61 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اسی طرح حالیہ اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 267.89 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 277.45 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
وزارت خزانہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عالمی منڈی میں گزشتہ 15 روز کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں ردوبدل کے پیش نظر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے کنزیومر پرائس پر کام کیا اور ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کی شرح میں کسی قسم کا ردوبدل نہیں کیا گیا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی ان قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند مرتبہ سے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کی جا رہی تھی اور گزشتہ چند ماہ کے دوران حکومت کی جانب سے عوام کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 35 روپے کا ریلیف دیا گیا تھا۔
اس سے قبل عیدالاضحیٰ سے قبل حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو عید کا تحفہ دیا تھا۔
حکومت نے 14جون کو پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 33 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا۔