فواد خان اور صنم سعید کی انڈین ویب سیریز 'برزخ' کا ٹریلر جاری

  کراچی: پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار فواد خان اور اداکارہ صنم سعید کی بھارتی ویب سیریز ‘برزخ’ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ویب سیریز ‘برزخ’ کو پاکستانی ہدایتکار عاصم عباس نے ڈائریکٹ کیا ہے جبکہ اسے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو نے پروڈیوس کیا ہے۔

اس سیریز میں ایک 76 سالہ شخص کی کہانی کو دکھایا گیا ہے جو اپنے بچوں اور پوتے پوتیوں کو یہ بات بتا کر حیران کر دیتا ہے کہ وہ اپنی پہلی سچی محبت کے بھوت سے شادی کر رہا ہے۔

بوڑھے شخص کے حیرت انگیز اعلان سے جذباتی انکشافات اور تصادم کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے، جس سے خاندان مسرت اور غم کے درمیان پھنس جاتا ہے۔

ویب سیریز ‘برزخ’ کی عکس بندی شہر قائد اور پاکستان کے مقبول سیاحتی مقام ہنزہ میں کی گئی ہے، اس کے علاوہ سیریز کی کاسٹ پاکستانی اداکاروں پر مبنی ہے۔

کاسٹ میں فواد خان، صنم سعید، فائزہ گیلانی، ایمان سلیمان، خوشحال خان، انیقا ذوالفقار علی، سلمان شاہد اور فرانکو گوئسٹ سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

سیریز کی شوٹنگ مارچ 2022 میں مکمل ہوگئی تھی اور فروری 2023 میں اس ویب سیریز کو فرانسیسی فلمی میلے میں بھی پیش کیا گیا تھا۔

یہ سیریز رواں سال 19 جولائی کو ریلیز کی جائے گی، اسے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو اور زندگی چینل پر نشر کیا جائے گا۔