امریکا کی یومِ آزادی پر پاکستان کیساتھ مسلسل شراکت داری کا جشن منانے کیلئے امریکی سفارتخانے میں "میڈ اِن یو ایس اے" کے عنوان سے رنگارنگ تقریب انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق خصوصی تقریب میں امریکا اور پاکستان کے مابین پائیدارشراکت داری کو اُجاگر کیا گیا، وفاقی وزیر احسن اقبال نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی، سرکاری حکام، کاروباری، تدریسی، سول سوسائٹی اور سفارت کار بھی شریک ہوئے۔
امریکی سفیرڈونلڈ بلوم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں، توانائی، بنیادی ڈھانچہ کے شعبوں میں پاکستان میں متعدد بڑے آبی ذخائر امریکی تعاون سے تعمیر کیے گئے، پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبے امریکی تعاون سے مضبوط کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ بعض اوقات دونوں ممالک کو سیلاب، جنگ، وبا یا معاشی بحران میں بڑی مشکلات کا سامنا رہا، ہماری شراکت داری قومی خوشحالی اور سلامتی میں اضافہ کا حصہ رہی ہے، دونوں ممالک نے مشترکہ بحرانوں سے نمٹنے، روشن مستقبل کے مواقع سے مستفید ہونے کے باہمی اقدامات کا عزم کیا۔