کفایت شعاری کمیٹی اجلاس : وفاقی اعلیٰ سطحی بیوروکریٹس کے سالانہ فوائد کو 10 لاکھ روپے سالانہ تک محدود کرنے اُور گریڈ 1 سے 16 کی ہزاروں اسامیاں پر کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے اپنی کفایت شعاری کمیٹی کی منظوری سے گریڈ 1 سے 16 تک کی ہزاروں اسامیوں کو پر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

بورڈ کے اجلاسوں میں شرکت کیلیے اعلیٰ سطحی بیوروکریٹس کے سالانہ فوائد کو 10 لاکھ روپے سالانہ تک محدود کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق یہ فیصلے وفاقی کابینہ کے 12 جون کو بجٹ 2024-25 کی منظوری کیلیے ہونے والے خصوصی اجلاس میں کیے گئے۔

وزیراعظم کی کفایت شعاری کمیٹی کی سفارشات کے برعکس فیصلہ کیا گیا ہے کہ یہ اسامیاں خزانہ ڈویژن کی کفایت شعاری کمیٹی کی رضامندی سے پر کی جائیں گی۔

یاد رہے کہ رواں سال مئی میں دی نیوز انٹرنیشنل نے خبر دی تھی کہ گریڈ 1 سے 16 تک کی گزشتہ کچھ سالوں سے خالی پڑی 70 ہزار اسامیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، اور ان اسامیوں پر اب نئی بھرتیاں نہیں کی جائیں گی، تاہم وفاقی کابینہ نے 12 جون کے اجلاس میں وزارت خزانہ کی کفایت شعاری کمیٹی کی رضامندی سے ان اسامیوں پر بھرتیاں کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تاہم اس فیصلے کا اطلاق بھرتیوں کے جاری عمل، آرمڈ فورسز، سول آرمڈ فورسز، اور دیگر قانون نافذ کرنے والی اور سیکیورٹی سے متعلقہ ایجنسیوں پر نہیں ہوگا۔

کمیٹی کے دو ممبران نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ یہ فیصلہ کمیٹی کی سفارشات کے برعکس ہے، ایک ممبر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خزانہ ڈویژن کی کفایت شعاری کمیٹی بھرتی کے عمل کو نہیں روک سکتی، اس طرح حکومت نے بھرتیاں کرنے کیلیے ایک راستہ کھول لیا ہے۔

اس کے علاوہ 12 جون کے اجلاس میں وفاقی کابینہ نے بورڈ میٹنگز میں شرکت کیلیے اعلیٰ سطحی بیوروکریٹس کے مالی فوائد کو محدود کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔