بجلی کے نئے ٹیرف سے زیادہ تر لوگوں کے ماہانہ بل میں تھوڑا سا اثر پڑے گا، پاور ڈویژن

 اسلام آباد: پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ جولائی 2024ء سے بجلی کے نئے نرخ لاگو ہوں گے، بجلی کے نئے ٹیرف سے زیادہ تر لوگوں کے ماہانہ بل پر تھوڑا سا اثر پڑے گا، بجلی کے بلز میں کم سے کم اضافے کے لیے حکومت 440 ارب کی سبسڈی دے گی۔

اپنے اعلامیے میں پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ ایک کروڑ 68 لاکھ یا 58 فیصد غریب گھریلو صارفین کے لیے اضافہ دو فیصد سے کم ہوگا، نسبتاً امیر 42 فیصد صارفین کے لیے اوسطاً 9 فیصد اضافہ ہوگا، معیشت بہتر ہونے پر بجلی کے نرخوں میں کمی کی توقع ہے۔

اعلامیے کے مطابق جنوری 2025ء تک تمام صارفین کے لیے بجلی کے نرخ جون 2024ء کے مقابلے میں اوسطاً 3 فیصد کم ہونے کی توقع ہے، بجلی کے شعبے کے مقررہ 75 فیصد لاگت کے پیش نظر فکسڈ چارجز کا اجرا ضروری تھا، ملکی صنعت کے فروغ کے لیے صنعتی شعبے سے 150 ارب کا بوجھ کم کر دیا گیا۔

اعلامیہ پاور ڈویژن میں کہا گیا ہے کہ نیپرا کی سماعت کے بعد بجلی کی قیمتوں کا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا۔