دہشت گردی کے خاتمے کیلیے افواج کی حمایت کرنی چاہیے، نواز شریف


لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے افواج، سیکیورٹی اداروں کی مکمل حمایت کی جانی چاہیے۔

سینیٹ میں پارلیمانی لیڈرعرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران ( ن) لیگ کے صدر نواز شریف نے کہا کہ امن و امان کا گہرا تعلق سرمایہ کاری اور ترقی و خوشحالی سے ہے۔

 سینیٹر عرفان صدیقی نے صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف کو سینٹ میں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔

نواز شریف نے کہا کہ عدم استحکام پیدا کرنے اور بیرون ملک پاکستان کو بدنام کرنے والے عناصر کو جمہوریت سے دلچسپی نہیں ہے، یہ لوگ کسی بھی محاذ پر پاکستان کی کمزوری یا ناکامی کو اپنی سیاسی کامیابی سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سات سال پہلے جن مسائل پر قابو پایا تھا آج وہ پھر سنگین بحران بن چکے ہیں لیکن مخلص اور محنتی قیادت ان مشکلات پر قابو پالے گی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے نجات حاصل کر لی گئی تھی لیکن 2018 میں ملکی تباہی و بربادی اور ہر شعبے میں زوال کا جو سلسلہ شروع ہوا اس نے عوام کے لیے سنگین مسائل پیدا کر دیے جن پر قابو پانے کے لیے بہت وقت درکار ہے۔