آئی ایم ایف معاہدے سے سٹاک مارکیٹ میں تیزی، 81 ہزار پوائنٹس کی حد عبور

آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدے کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ہے جس کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس 81 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا ہے۔

کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر ہی سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 1400 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 81 ہزار 344 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کا اختتام مثبت زون میں ہوا تھا جس کے باعث سٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 79 ہزار 944 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہد طے پایا تھا جس کے مطابق آئی ایم ایف پاکستان کو 37 ماہ کے دوران 7 ارب ڈالر قرض فراہم کرے گا، پاکستان کو قرض فراہمی کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ دے گا۔

یاد رہے کہ 9 جولائی کو پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 81 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا جبکہ 3 جولائی کو سٹاک ایکسچینج نے تاریخ میں پہلی بار 80 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کی تھی۔